Aaj News

اتوار, مئ 19, 2024  
10 Dhul-Qadah 1445  

امریکا: ایک ہی دن میں کورونا سے 865 افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 01 اپريل 2020 06:32am

واشنگٹن: امریکا میں ایک ہی دن میں کورونا سے 865 افراد ہلاک ہوگئے۔ جس کے بعد امریکا میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد چین اور فرانس سے بھی زیادہ ہو گئی اور 3 ہزار 867 تک پہنچ گئی ہے۔

تازہ اعداد و شمار کے مطابق چین میں ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار 305 ہے جبکہ فرانس میں 3 ہزار 523 افراد مہلک وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔

اس کے علاوہ امریکا میں کورونا وائرس کے 23 ہزار 941 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 87 ہزار 729 کی سطح کو پہنچ چکی ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد چین سے دگنی ہو گئی ہے۔

ایک ہی روز میں 20 ہزار سے زائد مریضوں کے اضافے بعد امریکا میں کل کیسز کی تعداد 1 لاکھ 87 ہزار سے بھی تجاوز کر گئی ہے جو کہ کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔

امریکا کے مقابلے میں چین کے اندر اس وقت کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 81 ہزار 518 ہے۔ علاوہ ازیں اٹلی بھی کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ممالک کی فہرست میں شامل ہے۔

اٹلی میں بھی کورونا کے کیسز کی تعداد 1 لاکھ کا ہندسہ عبور کر چکی ہے، اس وقت اٹلی میں 1 لاکھ 5 ہزار 792 کورونا وائرس کے مریض موجود ہیں۔ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں امریکا اور اٹلی کے بعد اسپین کا نمبر آتا ہے جہاں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 95 ہزار 923 ہے۔

اگر وائرس سے ہلاکتوں کا اندازہ لگایا جائے تو اٹلی میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق اٹلی میں 12 ہزار 428 افراد وائرس کی وجہ سے ہلاک ہوئے۔ ہلاکتوں میں اٹلی کے بعد اسپین دوسرے، امریکا تیسرے، فرانس چوتھے جبکہ چین پانچویں نمبر پر ہے۔